منگلورو8؍فروری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66اور کرناٹکا اور کیرالہ کے بارڈر پر واقع تلپاڈی میں قائم ٹول پلازہ پر ٹیکس وصولی کی شروعا ت ہوگئی ہے۔ جس کے بعد عوام کی طرف سے پرزور احتجاج تو کیا گیا ۔مگرتھوڑی دیر کی کشیدگی کے بعد پولیس نے حالات پر قابو پاتے ہوئے 12مظاہرین کو گرفتار کرلیا او ر معمول کے مطابق ٹول کی ادائیگی کے ساتھ ٹریفک چل پڑی۔
ٹول پلازہ پر احتجاجی مظاہرے کا اہتمام مقامی کانگریسی لیڈروں ،گڑی ناڈو رکھشنا ویدیکے نامی تنظیم ، پرائیویٹ بس ڈرائیورس اور رکشہ ڈرائیوروں نے کیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی کانگریسی لیڈروں اور عوام کی طرف سے احتجاج کیا گیا تھا اور کئی مطالبات سامنے رکھتے ہوئے ان کے پورا ہونے تک ٹول وصول کرنے نہ دینے کی بات کہی گئی تھی۔اس بار احتجاج کی وجہ سے نصف گھنٹے سے زیادہ ٹول پلازہ کے پاس ٹریفک جام ہوگئی۔اس دوران پولیس افسران اور احتجاجیوں کے درمیان کافی گرما گرم بحث و تکرار بھی ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شروتی، کوناجے پولیس اسٹیشن ہاوس افیسر اشوک،الال پی ایس آئی راجیندرا وغیرہ کی قیادت میں پولیس نے احتجاجی مظاہرین میں سے 12لیڈروں کو گرفتار کرلیا تو حالات قابو میں آگئے۔ اور ٹول کی ادائیگی کے ساتھ گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔